شہزاد اکبر نے جتنی تنخواہ، الاؤنسز اور مراعات سمیٹنی تھیں سمیٹ لیں: عرفان صدیقی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی شہزاد اکبر نے جتنی تنخواہ، الاؤنسز اور مراعات سمیٹنی تھیں سمیٹ لیں، انہوں نے جو لینا تھا لے لیا، اب لینے کے دینے پڑنے کا وقت ہے، جتنا عرصہ وزیراعظم عمران خان کو فریب دینا تھا دے لیا، اب انہیں جانا ہی تھا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عرفان صدیقی نے کہا کہ عمران خان کو ساڑھے 3 سال بعد پتا چلا کہ ان کا اصل ٹھکانہ سڑکیں ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ کرپشن کے خلاف نعرے لگانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے، کرپشن کی رپورٹ حکومت کے چہرے پر ایک اور داغ ہے۔عرفان صدیقی نے کہا کہ 180 میں سے 139 ممالک ایسے ہیں، جن میں کرپشن عمران خان حکومت سے کم ہے، حکومت کا چہرہ اب اتنا داغدار ہوچکا ہے کہ کوئی بھی داغ ان کو داغ نہیں لگتا۔انہوں نے کہا کہ بہت سے دوسرے مداریوں کا تماشہ بھی ختم ہونے کو ہے، حکومت نے ملک کو زوال اور تباہی میں دھکیل دیا۔