نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے وکلاء کو ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے درخواست دائر کرنے کا گرین سگنل مل گیا
سلام آباد (آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وطن واپسی سے متعلق قانونی ٹیم سے مشاورت مکمل کرلی۔نا اہلی،سزائیں اور کیسز کے حوالے سے عدالت سے رجوع کرنے کیلئیقانونی ٹیم کو گرین سگنل مل گیا۔پارٹی ذرائع
نے بتایا ہے کہملکی صورت حال کے پیش نظر نواز شریف نے وطن واپسی کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اس حوالے سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور قانونی ٹیم سے مشاورت بھی مکمل کرلی ہے،نواز شریف نے وطن واپسی سے قبل نا اہلی،سزائیں اور کیسز کے حوالے سے قانونی ٹیم کو عدالت سے رجوع کرنے کیلئے کہہ دیا ہے،ذرائع نے مزید بتایا کہ وکلاء کو نواز رشریف کی جانب سے ہدایات موصول ہو چکی ہیں اور انہوں نے کیسز کے حوالے سے پٹیشنرز تیار کرنا شروع کردی ہیں جو جلد عدالتوں میں دائر کی جائیں گی۔ذرائع نے بتایاکہ پہلے مرحلے میں وکلاء نواز شریف کی ضمانت قبل از گرفتاری کے حوالے سے عدالت سے رجوع کریں گے نواز شریف کی خواہش ہے کہ وطن واپسی پر جیل نہ جانا پڑے،ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف وطن واپسی کے بعد مسلم لیگ ن کی تنظیم نو اور پارٹی کو سیاسی میدان میں متحرک کریں گے، قائد ن لیگ اہم رہنماؤں اور عہدیداران کے ساتھ مسلسل مشاورت اور رابطے میں ہیں اور اپنے فیصلوں سے انہیں آگاہ کر دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی پنجاب میں مایوس کن کارکردگی پر نواز شریف جماعت کے سرکردہ رہنماوں سے ناراض ہیں،مایوس کن کارکردگی پر اہم رہنماؤں کو انکے عہدوں سے ہٹائے جانے کا بھی امکان ہے،
نواز شریف وطن واپسی کے بعد عام پارٹی کارکنوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے،نواز شریف لاہور اور اسلام آباد کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے، نواز شریف پارٹی کی تنظیم نو کے سلسلے میں چاروں صوبوں کا بھی دورہ کریں گے، پارٹی کی تنظیم نو کے لئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی پارٹی قائد کے ہمراہ دورے کریں گی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی کو پہلے سے ہی ہدایات جاری ہو چکی ہیں جبکہ پی ڈی ایم اور دیگر جماعتوں کے سربراہوں کو بھی نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے آگاہ کیا جا چکا ہے۔