سلمیٰ ظفر نے والدہ کے اسلام قبول کرنے کی وجہ بتادی

کراچی (این این آئی ) پاکستان ٹیلی ویژن اور تھیٹر کی معروف اداکارہ سلمی ظفر نے اپنی والدہ کے اسلام قبول کرنے کی وجہ بتادی۔اداکارہ سلمی ظفر نے مشہور سٹیج ڈرامے بکراقسطوں پر سے شہرت حاصل کی اور پھر لاتعداد ہٹ اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے
جوکہ اب یوٹیوب پر بھی موجود ہیں۔مشہور ٹی وی سیریز یہ زندگی ہے میں بھی ان کی شاندار اداکاری کو مداحوں نے خوب سراہا تھا۔حال ہی میں میزبان اور کامیڈین نادر علی کے ہمراہ ایک پوڈ کاسٹ میں انہوں نے اپنی والدہ کے اسلام قبول کرنے کے بارے میں بات کی۔انہوں نے بتایا کہ ان کے والد پختون اور والدہ پارسی تھیں لیکن بعد ازاں والدہ نے اسلام قبول کرلیا تھا۔انہوں نے اپنی والدہ کے اسلام قبول کرنے کے حوالے سے ایک دلچسپ کہانی سنائی۔انہوں نے بتایا کہ میری والدہ جب میرے والد سے ملی تھیں تو اس وقت وہ گیتا بالی کے ساتھ کام کرتی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ میری والدہ کو یہ خوف تھا کہ جب ان کی موت ہوجائے گی تو ان کے مردہ جسم کو گدھ کھا جائیں گے۔ سلمی ظفر نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ دراصل والدہ نے پارسی مذہب کے ان تصورات کی وجہ سے اسلام قبول کیا جوکہ انسان کے مردہ جسم کو دہی میں میرینیٹ کرنے سے متعلق ہیں جسے گدھ کھا جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ ہمارے ساتھ ایسا ہوتا، ہم سب کو اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم مسلمان ہیں، اگر ہم سوچیں تو ہم اس بات پر ہی اللہ کے سامنے شکر سے سر نہ اٹھا سکیں کہ ہم مسلمان پیدا ہوئے ہیں۔