پاکستان واٹر سیکٹر میں جاپانی تعاون پر شکرگزار ہے: مونس الٰہی

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی سے پاکستان میں جاپانی سفیر مسٹر واڈا میٹسو ہیرو نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری برائے آبی وسائل کاظم نیاز بھی موجود تھے۔
اس موقع پر مونس الٰہی نے کہا کہ پاکستان اپنی قومی ترقی بالخصوص واٹر سیکٹر میں جاپانی تعاون پر شکر گزار ہے، واٹر مینجمنٹ اور فلڈ کنٹرول میں جاپانی امداد اور تکنیکی تعاون بے حد مددگار ثابت ہو رہے ہیں، جائیکا کے تحت پاکستانی آبی ماہرین کی تربیت، موسمی پیش گوئی کے سٹیٹ آف دی آرٹ نظام کی فراہمی اور کئی شہروں میں نکاسی آب کے منصوبے پاک جاپان دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موثر واٹر مینجمنٹ اور فلڈ کنٹرول کیلئے جاپانی امداد اور تکنیکی تعاون سے پاکستان اپنے آبی مسائل کو جلد حل کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا۔ انہوں نے جائیکا کے تحت پاکستانی واٹر سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر جاپانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت جاپان آبی وسائل کی ترقی کیلئے ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پاکستان کی بھرپور معاونت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر جاپانی سفیر مسٹر واڈا میٹسو ہیرو نے پاکستان کیلئے اپنے ملک کی جانب سے تعاون کو مزید بڑھانے اور اس سلسلہ میں اپنی بھرپور ذاتی کوششوں کا یقین دلایا۔