روسی فوج نے یوکرین کے بڑے شہرے پر قبضہ کرنےکا دعویٰ کر دیا ، یہ دارلحکومت کیف سے کتنی دور ہے ؟ جانئے

روسی فوج نے یوکرین کے جنوب مشرقی شہر ’’ میلیٹو پول ‘‘پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کر دیاہے ۔یہ شہر دارلحکومت کیف سے تقریبا 682 کلومیٹر دور واقع ہے ۔
رائٹرز نے روس کی انٹر فیکس نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہاہے کہ ماسکو نے دارلحکومت کیف اور میلیٹو پول پر متعدد کروز میزائل اور دیگر بم داغے ۔یوکرین کے حکام کی جانب سے میلیٹوپول کی تازہ صورتحال سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیاہے ، اس شہر کی آبادی ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہے ، اگر یہ دعویٰ درست ہے تو یہ پہلا گھنی آبادی والا شہر ہو گا جس پر روسی فوجوں نے مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے ۔دوسری جانب سکائے نیوز کی رپورٹ کے مطابق برطانوی پارلیمنٹیرین اور مسلح افواج کے وزیر جیمز ہیپی نے دعویٰ کیاہے کہ میلیٹو پول فی الحال یوکرین کے کنٹرول میں ہی ہے ۔
یوکرینی حکام کا کہناہے کہ روسی فوج نےبحیرہ اسود سے یوکرینی شہر ’’ ماریو پول ‘‘ پر کرروز میزائلوں سے حملہ کیا جبکہ اس کے علاوہ شمال مشرقی شہر ’’ سومے‘‘ اورمشرق میں واقع ’’ پولٹاوا‘‘ پر بھی میزائل حملے کیئے گئے ۔
کیف حکام کا کہناہے کہ ایک مزائل رہائشی عمارت سے ٹکرایا جبکہ دوسرا ایئر پورٹ کے قریب گرا ، فی الحال کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔