امریکہ نے یوکرین کیلئے کتنی فوجی امداد فوری جاری کرنے کا اعلان کر دیا ؟
روس کے حملے کے پیش نظر امریکہ نے یوکرین کیلئے ’’فوری فوجی امداد ‘‘ کی مد میں یوکرین کو 600 ملین ڈالر فراہم کرنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیئے ہیں ۔
دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کا آج تیسرا روز جاری ہے جس دوران متعدد شہروں پر میزائل حملے اور بم برسائے گئے ،فی الحال دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے آغاز کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے ہیں کہ اس جنگ کو روکا جا سکے ۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے سیکریٹری آف سٹیٹ اینٹونی بلنکن کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ’’ غیر ملکی امداد ایکٹ 1961‘‘ کے تحت یوکرین کو 350 ملین ڈالر جاری کرے جبکہ 250 ملین ڈالر مجموعی مدد کے طور پر جاری کیئے جائیں گے ۔امریکہ کی جانب سے یہ فیصلہ جوبائیڈن اور ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے بعد کیا گیاہے ، فون کال پر یوکرین کی جانب سے امریکہ سے روس پر پابندیاں مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔
کیف کی سڑکوں پر روسی فوج کے ساتھ یوکرینی فوج کی لڑائی جاری ہے جبکہ حکام شہریوں سے محفوظ مقام پر رہنے کا کہہ رہے ہیں۔ روسی فوج آج صبح ہی کیف میں داخل ہوئی ہے ۔