متحدہ عرب امارات میں مسلم لیگ (ن) ویمن ونگ کا قیام خوش آئند ہے: سینیٹر عبدالقیوم اعوان
قیام پاکستان سے لے کر اب تک پاکستان کے ہر شعبہ میں خواتین نے کارہائے نمایاں انجام دئیے ہیں اور ان کا کردار مثالی رہا ہے۔ مختلف شعبوں میں خواتین آج بھی اہم کام انجام دے رہی ہیں۔ پاکستانی خواتین باصلاحیت ہیں جنہوں نے اندرون اور بیرون ملک اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کیا ہے، جس پر ہم سب کو فخر ہے۔ حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں شعبہ خواتین کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو خوش آئند ہے اور آئندہ سیاست میں اس کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے جس کا فائدہ مسلم لیگ ن کو پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر ریٹائرڈ جنرل عبدالقیوم اعوان نے دبئی میں مسلم لیگ (ن) ویمن ونگ کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب میں کیا جس کا اہتمام ”اظہار تشکر“ کے نام سے مسلم لیگ (ن) ویمن ونگ کی صدر فرزانہ کوثر نے کیا تھا۔تقریب میں مسلم لیگ (ن) امارات کے صدر غلام مصطفی مغل، جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال، حاجی محمد نواز، عامر سہیل گھمن، محمد شہزاد بٹ، جان قادر، وقاص گھمن، شوکت بٹ، راﺅ اکبر ساقی، رانا محمد نعیم، راجہمحمد جمیل بنگیال، عبدالمجید مغل، غلام محی الدین، ملک دوست محمد اعوان، ملک شہزاد، عارف عامر منہاس، چودھری بشیر شاہد، ڈاکٹرمحبوب احمد، مسلم لیگ (ن) ویمن ونگ کی خواتین، منارٹی لیڈیز ونگ اور دیگر بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا جس کی سعادت محمد علی قادری نے حاصل کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض مس ہاجرہ نے بطریق احسن ادا کیے۔ تقریب سے عبدالقیوم اعوان، غلام مصطفی مغل، جان قادر اور عبدالمجید مغل نے خطاب کرتے ہوئے فرزانہ کوثر کو ویمن ونگ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مقررین نے قائدین کے اس فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرزانہ کوثر کا بطور صدر انتخاب بہترین فیصلہ ہے۔ فرزانہ کوثر ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ اور سلجھی خاتون ہیں جن میں قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں وہ یقینا مسلم لیگ (ن) کے ویمن ونگ کو کامیابی کے ساتھ لے کر آگے بڑھیں گی اور مسلم لیگ ن کو بیرون ملک مضبوط کریں گی۔
مقررین نے کہا کہ امارات میں مسلم لیگ ن ویمن ونگ کی ایک عرصہ سے ضرورت تھی جسے اب پورا کیا گیاہ ے۔ اظہار تشکر کی اس تقریب سے سینیٹر نزھت صادق، بیرسٹر امجد ملک چیف کوآرڈینیٹر مسلم لیگ (ن) انٹرنیشنل افیئرز اور چودھری نورالحسن تنویر ایم این اے و جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) انٹرنیشنل افیئر نے بھی بذریعہ روم میٹنگ خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرزانہ کوثر کو قائدین کی منظوری کے بعد متحدہ عرب امارات میں ویمن ونگ کی صدر مقرر کیا گیا ہے جس پر ہم انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کی کامیابیوں کے لیے دعا گو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں گی۔
اختتامی تقریر میں تقریب کی میزبان صدر مسلم لیگ (ن) ویمن ونگ فرزانہ کوثر نے کہا کہ وہ اپنی تعیناتی پر اپنے قائدین محمد نواز شریف، محمد شہباز شریف، محمد اسحق ڈار، بیرسٹر امجد ملک اور چودھری نورالحسن تنویر کی بے حدمشکور ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے بطور صدر مسلم لیگ (ن) ویمن ونگ کی ذمہ داری سونپی۔ فرزانہ کوثر نے کہا کہ وہ کوشش کریں گی کہ وہ امارات میں موجود زیادہ سے زیادہ خواتین کو پی ایم ایل این ویمن ونگ کے پلیٹ فارم پر جمع کریں تاکہ مسلم لیگ ن کو اندرون اور بیرون ملک متحد و منظم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز شریف کے ساتھ بھی چلنا ہے اور پاکستان کی سیاست میں اپنا رول اداکرنا ہے۔