کوہستان میں پانچ بھائی سیلابی ریلے کے بیچوں بیچ پورے5گھنٹے زندگی اورموت کے درمیان جھولتے رہے،دہائیوں کے باوجودصوبائی حکومت ہیلی کاپٹر پشاور سے نہ بھیج سکی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)ضلع لوئر کوہستان کے علاقے سناگئی دوبیر میں 5 دوست تین گھنٹے تک پھنسے رہنے کے بعد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق علاقہ مکینوں کے مطابق پانچوں دوست اچانک سیلابی ریلے کی زد میں آنے کے بعد ایک بلند پتھر پر چڑھ گئے اور تین گھنٹے تک وہ حسرت اور بے بسی کی تصویر بنے رہے۔
انچوں دوست امداد کا انتظار کرتے رہے مگر کوئی سرکاری ادارہ یا ریسکیو ٹیم نہ پہنچی۔شہریوں کے مطابق اگر انتظامیہ چاہتی تو ایک گھنٹے میں پشاور یا گلگت سے ہیلی کاپٹر بھی پہنچ سکتا تھا مگر کوئی نہ آیا تو مقامی افراد نے رسیوں کے ذریعے انہیں نکالنے کی آخر کوشش کی مگر وہ تیز موجوں کی نذر ہوگئے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ 5 میں سے صرف ایک نوجوان کو ریسکیو کیا گیا جبکہ ابھی تک صرف ایک ہی لاش مل سکی ہے۔واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اور شہریوں نے حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو ریسکیو نہ کرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دئیے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب کی تباہ کاریاں نہ رک سکیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 34 افراد جاں بحق ہو گئے جن میں 17 بچے،10 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں جبکہ اب تک حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 937 ہوگئی ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کے پی میں 16، سندھ میں 13، بلوچستان میں 4 اور پنجاب میں ایک شخص جاں بحق ہوا جب کہ سیلاب اور بارشوں کیباعث 50 افراد زخمی ہوئے جس کے بعد سیلاب اور بارشوں کے دوران زخمی افراد کی تعداد1343 ہوگئی۔این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں مزید 85 ہزار 897 جانور مرگئے جس کے بعد ملک بھرمیں مرنے والے جانوروں کی تعداد 7 لاکھ 93 ہزار 995 ہوگئی۔ادھر 24 گھنٹوں میں بارشوں اور سیلاب سے سندھ میں 15 پلوں اور ملک بھرمیں 145 پلوں کو نقصان پہنچا، اس کے علاوہ بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 6 لاکھ 70 ہزار 328 گھر متاثر ہوچکے ہیں۔