چاہتا ہوں کوہلی بڑی اننگز کھیلیں مگر۔۔۔ شاداب خان نے انوکھی خواہش کا اظہار کردیا
دبئی(این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ”میں چاہتا ہوں ویرات کوہلی سنچری اسکور کریں لیکن پاکستان کے خلاف نہیں”۔ایشیا کپ 2022 سے قبل دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا کہ
بھارت کے خلاف گزشتہ سال کی جیت اب تاریخ کا حصہ ہے، یہ ایک نیا دن اور ایک نیا میچ ہے اور ہم مثبت رویہ کے ساتھ آگے بڑھیں گے،ہم اچھا کھیلیں گے اور یہ کھیل جیتنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انجریز کے باعث قومی ٹیم شاہین شاہ آفریدی اور محمدوسیم جونیئر کی کمی محسوس کرے گی تاہم دیگر بالرز بھی اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ حسن علی کی شمولیت ٹیم کیلئے مثبت ہے وہ ایک میچ ونر کھلاڑی ہیں۔شاداب خان نے کہا کہ پچ نہیں دیکھی اس لیے حالات پر تبصرہ نہیں کرسکتا، پاک بھارت میچ میں تناؤ ہوتا ہے لیکناچھی کارکردگی دکھانے والی ٹیم کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے۔انہوں نے سابق بھارتی کپتان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی ایک لیجنڈ کھلاڑی ہیں، میں چاہتا ہوں کہ وہ ٹورنامنٹ میں لمبی اننگز کھلیں لیکن پاکستان کے خلاف نہیں۔یاد رہے ایشیا کپ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کل دبئی میں کھیلا جائے گا،قومی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ بھارت کو روہیت شرما لیڈ کریں گے۔میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں شام سات بجے شروع ہو گا۔