سیلاب متاثرین کی رقم سے ناجائز کٹوتی کرنے کا انکشاف، سخت ایکشن لے لیا گیا
کراچی(این این آئی)وفاقی وزیروچیئرپرسن برائے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطاء مری نے عوامی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرین کی رقم سے ناجائز کٹوتی کرنے پر سخت ایکشن کا حکم دیاہے۔وفاقی وزیر شازیہ مری نے ضلع خیرپورمیرس،کے گاؤں آگڑا میں دو ڈیوائس بلاک کرنے،
ملوث افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی اور تحقیقات کا حکم جاری کردیاہے۔اس ضمن میں انہوں نے کہاکہ عوامی شکایت اور ناجائز کٹوتی کے حوالے سے افسران پر مبنی ٹیمیں میڈیا اور سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں،بی آئی ایس پی کے ڈی جی اور ڈائریکٹرز سطح کے افسران کی سربراہی میں مختلف ٹیمیں پورے عمل کی سخت نگرانی اور کیمپوں کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بارش متاثرین کی شکایت پر ضلع بدین، سکھر اور دیگر علاقوں میں ناجائز کٹوتی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی گئی۔انہوں نے کہاکہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کی رقم سے ناجائز کٹوتی کے حوالے سے ثبوتوں کے ساتھ ملنے والی عوامی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائیگا،کسی کو بھی بارش اور سیلاب متاثرین کی امدادی رقم سے ناجائز کٹوتی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گیں،ثبوتوں کے ساتھ موصول ہونے والی عوامی شکایت پر فوری ایکشن لیا جائیگا،متاثرین کی رقم سے کٹوتی یا کسی بھی مسئلے کی شکایت کیلئے مخصوص نمبرز جاری کیے گئے ہیں،صوبہ سندھ کے عوام ناجائز کٹوتی کے حوالے سے اپنی شکایات 03011016163،صوبہ پنجاب 03011016162،صوبہ بلوچستان کے عوام کٹوتی ودیگر شکایات کیلئے
03011016168 پر اور کے پی کے والے 03011016165 پر بھیج سکتے ہیں۔شازیہ مری نے کہاکہ متاثرین کی رقم سے ناجائز کٹوتی میں ملوث افراد کیخلاف ایف آئی آر اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ جو متاثرین اب تک رجسٹر نہیں ہوئے وہ 8171 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر میسج کریں۔