امریکہ نے ویزوں کے لئے بڑی سہولت دینے کا اعلان کردیا
اب طویل انتظار نہیں کرنا پڑے گا، ویزے کا عمل آسان بنادیا گیا ہے
واشنگٹن: امریکہ جانے کے خواہش مندوں کے لئے خوش خبری، امریکی حکومت نے ویزا درخواستوں پر جلد فیصلے کے لئے اہم پالیسی جاری کردی، اب طویل انتظار نہیں کرنا پڑے گا، ویزے کا عمل آسان بنادیا گیا ہے، کرونا بحران کی وجہ سے شہریوں کو مسائل کا سامنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کرونا بحران کی وجہ سے امریکی ویزے کے خواہشمند افراد کو اپوائنٹمنٹ کے حوالے سے مسائل کا سامنا تھا، اور بعض ملکوں میں تو انٹرویو کے لئے ایک ایک برس کی تاریخ دی جارہی تھی، امریکی حکومت نے اس مسئلہ کا نوٹس لیا ہے، اور امریکی ویزے کے خواہشمند افراد کی سہولت کے لئے اہم فیصلہ کیا ہے ، جس کے تحت کئی کیٹگریز کے ویزوں کے لئے انٹرویو کی شرط ختم کی جارہی ہے، اس فیصلے پر جمعہ 31 دسمبر سے عمل درآمد شروع ہوگا، امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز سے امریکی ویزا آفیسر ایک درجن سے زائد ویزا کیٹگریز کے درخواست گزاروں کو انٹرویو سے مستثنیٰ کرنے کا اختیارات استعمال کرسکیں گے، ان کیٹگریز میں اسٹوڈینٹ ویزا، ایچ آئی بی پروفیشنل ویزا، زرعی و دیگر ورکرز کے عارضی ویزے، طلبا کے تبادلوں کے ویزے، ایتھلیٹس، فنکار وغیرہ شامل ہیں،
اسی طرح ویزوں کی توسیع کے لئے بھی ویزا آفیسرز کو بغیر انٹرویو توسیع کا اختیار دے دیا گیا ہے، تاہم کسے انٹرویو کیلئے بلانا ہے ،اور کس کی درخواست پر بغیر انٹرویو فیصلہ کرنا ہے، یہ فیصلہ ویزا آفیسر کرے گا، ویزا کے خواہشمند افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ اس حوالے سے مزید معلومات کے لئے اپنے ملک میں امریکی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کی ویب سائٹس کو چیک کرتے رہیں،