پاکستان نے فیٹف کی ہدایت پر منی لانڈرنگ کیخلاف اقدامات مزید تیز کر دیئے، ایکسپورٹ کی رقم 180 کی بجائے 120دن میں پاکستان منتقل کرنا لازمی قرار
اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان نے فیٹف کی ہدایت پر منی لانڈرنگ کیخلاف اقدامات مزید تیز کر دیئے، ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستان کی طرف سے ایک اور شرط پوری ، وزارت خزانہ نے ایکسپورٹ کی رقم 180 کی بجائے 120دن میں پاکستان منتقل کرنا لازمی قرار دیدیا ۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق مال کے ملک سے برآمد پر رقم کی منتقلی کی مدت محدود کردی گئی۔ اب ایکسپورٹ کی رقم 180 دن کی بجائے 120 دن میں پاکستان منتقل کرنا ہو گی۔ رقم مستند بنکنگ ذرائع سے منتقل کرنا بھی لازم ہو گی۔ حکومت کی جانب سے رقم کی منتقلی کا ریکارڈ طلب کرنے پر پیش کرنا ہو گا۔برآمدات سے حاصل ہونے والی رقم کی منتقلی میں تاخیر کو روکنے کا مقصد مجرمانہ سرگرمی میں اس کا استعمال روکنا ہے۔ ایف آے ٹی ایف نے گزشتہ اجلاس میں پاکستان کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات کرنے کی دہایت کی تھی۔