اسلامک کارنر

سجدہ کی حالت میں ایک پاکستانی خالق حقیقی سے جا ملا

صحابی جلیل عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مبارک نقل کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا کہ ’’جو کوئی مدینہ میں مرنے کی استطاعت رکھے، اسے چاہیے کہ وہ مدینہ میں مرے، کیوں کہ جو مدینہ میں مرے گا میں اس کی شفاعت کروں گا۔‘‘ (ترمذی) امام بخاری نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے بارے لکھا ہے کہ آپ یہ دعا کیا کرتے تھے کہ اے اللہ مجھے اپنے راستے میں شہادت کی موت عطا کر اور میری اس موت کو اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کے شہر میں عطا کر۔‘‘ امام بخاری دوسری جگہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی مدینہ منورہ سے محبت اور مدینہ منورہ میں موت اور دفن کا ذکر فرماتے ہیں کہ حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ نے مرض الموت میں اپنے بیٹے عبداللہ بن عمر کو حکم دیا کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی خدمت میں جا کر کہو کہ ’’عمر سلام کہتے ہیں، لیکن خبردار امیرالمومنین نہیں کہنا، کیوں کہ آج عمر مومنین کا امیر نہیں ہے۔ کہنا کہ عمر اپنے مصاحبین (رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم، ابوبکر صدیق) کے ساتھ دفن ہونے کی اجازت چاہتا ہے۔‘‘ چنانچہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے سلام پیش کرکے گھر میں داخل ہونے کی درخواست کی تو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیٹھی رو رہی تھیں۔ ابن عمر نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا پیغام پہنچایا تو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرمانے لگیں کہ میری خواہش تھی کہ میں یہاں دفن ہوں، آج کا دن مجھ پر بہت بھاری ہے۔ ابن عمر جب واپس گھر پہنچے تو لوگوں نے کہا کہ عبداللہ بن عمر آگئے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا مجھے اٹھاؤ۔ ایک آدمی نے سہارا دے کر اٹھایا تو کہنے لگے عبداللہ کیا جواب لائے؟ کہا جو امیر المومنین چاہتے تھے۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہ نے اجازت دے دی۔ حضرت عمر نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بڑھ کر میرے لیے کوئی اور چیز اتنی زیادہ اہم نہ تھی۔ خلیفہ راشد عمر ابن الخطاب رضی اللہ عنہ کی مدینہ منورہ سے محبت، مدینہ منورہ میں موت اور رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے پہلو میں دفن ہونے کی تمنایوں ہی نہ تھی، بلکہ آپ نے مدینہ منورہ کے فضائل اپنے کانوں اور آنکھوں سے دیکھ اور سن رکھے تھے۔ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم کا سفر سے واپسی پر مدینہ منورہ کی محبت میں بے چین ہوجانا، مدینہ منورہ میں بیماری اور تنگ دستی دیکھ کر اپنے رب سے مکہ کی نسبت ہر چیز میں دو گنی برکت کی دعا کرنا اور مدینہ منورہ کے غبار کو شفا قرار دینا، شوق محبت میں حرم کعبہ کی طرح مدینہ منورہ کو حرم قرار دے کر حدود متعین کرنا، مدینہ منورہ میں اپنی مسجد کے ایک حصے یعنی اپنے منبر سے اپنے حجرہ مبار ک تک کی زمین کو جنت کے ٹکڑوں میں سے ایک ٹکڑا بتانا، یہ وہ سب فضائل اور خصوصیات ہیں مدینہ طیبہ کی، جن کی وجہ سے صحابہ کرام سے لے کر آج تک دنیا کے ہر مسلمان کے دل میں یہ خواہش برابر موجود رہی ہے کہ اسے مدینہ منورہ کی دائمی سکونت نصیب ہو، اسے موت آئے تو مدینہ منورہ میں آئے اور جنت البقیع میں دفن ہونا نصیب ہو، جہاں دس ہزار سے زیادہ صحابہ کرام سمیت اہل بیت و ازواج مطہرات اور بڑے بڑے اولیائے کرام مدفون ہیں یا کم ا ز کم اسے زندگی میں مدینہ منورہ دیکھنے کی باربار نہ سہی ایک بار ہی دیکھنے کی سعادت مل جائے۔ مدینہ منورہ سے جڑی مسلمانوں کی اس گہری عقیدت کے پیچھے بس ایک ہی ہستی ہے جن کی محبت ہر مسلمان کے لیے ماں باپ بہن بھائی بیوی بچوں اور دنیا کی ہر چیز سے بڑھ کر ہے۔ یہ عقیدت چودہ سو سالوں سے یوں ہی متواتر سینہ بہ سینہ، نسل در نسل چلی آرہی ہے اور ان شاء اللہ قیامت تک یہ عقیدت اور محبت یوں ہی برقرار رہے گی۔ ہر دور میں مسلمانوں کی خواہش رہی ہے کہ انہیں مدینہ منورہ کی موت اور مدفن نصیب ہو۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button